جون 7, 2026

محکمہ موسمیات کا ہیٹ ویو الرٹ، ملک بھر میں درجہ حرارت 51 ڈگری تک جانے کا امکان

0
محکمہ موسمیات کا ہیٹ ویو الرٹ، ملک بھر میں درجہ حرارت 51 ڈگری تک جانے کا امکان

محکمہ موسمیات کا ہیٹ ویو الرٹ، ملک بھر میں درجہ حرارت 51 ڈگری تک جانے کا امکان

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 8 جون سے بالائی فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کا نظام بننے کا امکان ہے جو 11 جون تک برقرار رہے گا۔ اس موسمی نظام کے باعث 7 سے 12 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے نمایاں طور پر زیادہ رہ سکتا ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات اور گلگت بلتستان میں پارہ 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ اور مظفرآباد میں 8 سے 10 جون کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے اور 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں بشمول لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں شدید گرمی برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں گرمی کی شدت سب سے زیادہ ہوگی۔ سکھر، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، سبی، تربت اور پنجگور میں 7 سے 12 جون کے دوران درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کراچی میں بھی 8 سے 12 جون کے دوران شدید گرم موسم متوقع ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے جبکہ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث جنوبی پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چل سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے