امریکا کے ایران پر مسلسل بارہویں رات بھی فضائی حملے، سینٹ کام کا عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
امریکا کے ایران پر مسلسل بارہویں رات بھی فضائی حملے، سینٹ کام کا عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)واشنگٹن: امریکا نے ایران پر مسلسل بارہویں رات بھی فضائی حملے کیے، جن کے بارے میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا دعویٰ ہے کہ ان کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سینٹ کام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ایران کی بحری عسکری تنصیبات، میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے والے مراکز، ساحلی نگرانی کے نظام اور فضائی دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی فوج کے مطابق یہ آپریشن تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے مختلف شہروں میں دھماکوں کی تصدیق کی ہے، تاہم فوری طور پر جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران پر آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا مذاکرات کے ذریعے بحران کا حل چاہتا ہے، تاہم ایران مذاکرات میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے گا۔
واضح رہے کہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں جنگی صورتحال برقرار ہے، جبکہ حالیہ مہینوں میں دونوں جانب سے حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان اور لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
