جون 7, 2026

گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں پولنگ جاری، 396 امیدوار میدان میں، 9.58 لاکھ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے

0
گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں پولنگ جاری، 396 امیدوار میدان میں، 9.58 لاکھ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے

گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں پولنگ جاری، 396 امیدوار میدان میں، 9.58 لاکھ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 انتخابی حلقوں میں آج پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوگیا، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ اسمبلی کی مجموعی 33 نشستوں میں 24 براہِ راست منتخب نشستیں، 6 خواتین اور 3 ٹیکنوکریٹس کی مخصوص نشستیں شامل ہیں، جبکہ حکومت سازی کے لیے 17 نشستوں کی سادہ اکثریت درکار ہوگی۔

انتخابی میدان میں مجموعی طور پر 396 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں 266 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 23، مسلم لیگ (ن) کے 22، استحکامِ پاکستان پارٹی کے 15، پاکستان مسلم لیگ کے 11، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9، مجلس وحدت المسلمین کے 7 جبکہ جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6، 6 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 9 لاکھ 58 ہزار 780 رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 5 لاکھ 3 ہزار 772 مرد اور 4 لاکھ 54 ہزار 708 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

دیامر اور اسکردو سیاسی اعتبار سے اہم ترین اضلاع قرار دیے جا رہے ہیں جہاں چار، چار انتخابی حلقے موجود ہیں، جبکہ گلگت، غذر اور گانچھے میں تین، تین اور نگر و استور میں دو، دو حلقے قائم کیے گئے ہیں۔

انتخابات کے لیے 1368 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 480 انتہائی حساس، 350 حساس اور 457 نارمل قرار دیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت 15 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ضلع دیامر میں دفعہ 144 نافذ ہے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان، راجہ شہباز خان نے ووٹرز سے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے، جمہوری حق ذمہ داری سے استعمال کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے