اگست 4, 2026

آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف ہوئے، اگلے مرحلے میں 7 نشستیں جیتنے کی امید ہے: رانا ثناء اللہ

0
آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف ہوئے، اگلے مرحلے میں 7 نشستیں جیتنے کی امید ہے: رانا ثناء اللہ

آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف ہوئے، اگلے مرحلے میں 7 نشستیں جیتنے کی امید ہے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اچھی طرح جانتے ہیں کہ آزاد کشمیر کے انتخابات آزادانہ اور منصفانہ انداز میں ہوئے ہیں۔

اپنے بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے میں 10 میں سے 7 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پروپیگنڈا کرتے ہوئے داخل ہوئی، تاہم تیسرے مرحلے کے بعد وہ نتائج کو تسلیم کر لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پارٹی اتحادی حکومت کے بجائے اپنی حکومت بنائے گی۔

رانا ثناء اللہ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ایسا کوئی اجلاس نہیں ہوا جس میں اس معاملے پر کوئی واضح مؤقف اختیار کیا گیا ہو، اور نہ ہی نئے صوبوں کا معاملہ اس وقت پارٹی کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوری نظام اور 1973ء کے آئین میں کوئی خامی نہیں، یہی نظام گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک اور وفاق کو جوڑے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق مارشل لا اور آمریت جیسے ادوار کے باوجود آئین نے ریاستی ڈھانچے کو برقرار رکھا۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ آئین یا نظام میں نہیں بلکہ اس پر عمل درآمد میں ہے۔ اگر آئین اور جمہوری نظام پر دیانت داری سے عمل کیا جائے تو یہی نظام مؤثر انداز میں نتائج دے سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آئین کی خلاف ورزی اور نظام کو مسلسل کمزور کرنے کے بجائے اس پر مکمل عمل درآمد ہی ملک کی بہتری کی ضمانت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے