شہدائے پولیس قومی ہیروز ہیں، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: محسن نقوی
شہدائے پولیس قومی ہیروز ہیں، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: محسن نقوی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے پولیس کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور قوم انہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پولیس کے شہداء قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، جن کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس فورس کی خدمات قابلِ فخر ہیں اور دہشت گردی و جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے بے مثال بہادری، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ شہدائے پولیس کی عظیم قربانیاں وطن کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کی ضمانت ہیں، جبکہ پوری قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی خدمات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
