اگست 1, 2026

گلاسگو: کامن ویلتھ گیمز 2026، ارشد ندیم گولڈ کا دفاع نہ کر سکے، رومیش تھارانگا چیمپئن

0
گلاسگو: کامن ویلتھ گیمز 2026، ارشد ندیم گولڈ کا دفاع نہ کر سکے، رومیش تھارانگا چیمپئن

گلاسگو: کامن ویلتھ گیمز 2026، ارشد ندیم گولڈ کا دفاع نہ کر سکے، رومیش تھارانگا چیمپئن

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2026 کے مردوں کے جیولن تھرو مقابلوں میں سری لنکا کے رومیش تھارانگا نے 89.75 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا، جبکہ پاکستان کے دفاعی چیمپئن ارشد ندیم ابتدائی مرحلے میں ہی مقابلے سے باہر ہو گئے۔

ارشد ندیم فائنل میں شریک 12 ایتھلیٹس میں نویں پوزیشن پر رہے اور ابتدائی تین تھروز کے بعد ٹاپ آٹھ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، جس کے باعث انہیں مزید تین تھروز کا موقع نہ مل سکا۔

قومی ایتھلیٹ نے مقابلے کا آغاز فاؤل تھرو سے کیا، جبکہ دوسری کوشش میں انہوں نے 77.41 میٹر اور تیسری کوشش میں 75.39 میٹر کی تھرو کی۔ تاہم یہ کارکردگی انہیں اگلے مرحلے تک پہنچانے کے لیے کافی ثابت نہ ہوئی۔

مقابلے کے قوانین کے مطابق ابتدائی تین تھروز کے بعد صرف بہترین آٹھ ایتھلیٹس کو مزید تین تھروز کا موقع دیا جاتا ہے، جبکہ باقی چار ایتھلیٹس مقابلے سے باہر ہو جاتے ہیں۔

دوسری جانب سری لنکا کے رومیش تھارانگا نے 89.75 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیت لیا، جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا 85.83 میٹر کی سیزن بیسٹ تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

یاد رہے کہ ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 78.63 میٹر کی تھرو کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، تاہم وہ دفاعی چیمپئن ہونے کے باوجود اپنی بہترین کارکردگی دہرانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

ارشد ندیم پاکستان کے کامیاب ترین ایتھلیٹس میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 2024 پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر کی تاریخی تھرو کے ساتھ اولمپک گولڈ میڈل جیتا اور اولمپک و ایشیائی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس سے قبل 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اور نیا کامن ویلتھ ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔ علاوہ ازیں وہ 2023 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ بھی جیت چکے ہیں۔

اگرچہ اس بار ارشد ندیم اپنے اعزاز کا دفاع نہ کر سکے، تاہم شائقین کو امید ہے کہ وہ آنے والے بین الاقوامی مقابلوں میں بھرپور انداز سے واپسی کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے