ایران پر امریکی حملوں کے اثرات، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
ایران پر امریکی حملوں کے اثرات، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایران پر امریکی حملوں اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جبکہ سرمایہ کاروں میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
تازہ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.93 ڈالر، یعنی تقریباً 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 96 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ یہ 8 جون کے بعد برینٹ خام تیل کی بلند ترین سطح ہے۔ گزشتہ کاروباری سیشن میں بھی برینٹ خام تیل 94.07 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا تھا، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں بھی تقریباً 3 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق قیمتوں میں حالیہ تیزی کی بنیادی وجوہات امریکا کی جانب سے ایران پر نئے حملے اور بحیرۂ احمر میں یمن کے حوثیوں کی جانب سے آئل ٹینکروں پر حملے ہیں، جن سے عالمی توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہی یا آبنائے ہرمز اور بحیرۂ احمر میں تیل کی ترسیل مزید متاثر ہوئی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ سرمایہ کار خطے کی صورتحال، امریکی پالیسی، ایران کے ممکنہ ردعمل اور عالمی سپلائی چین پر پڑنے والے اثرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
