محکمہ موسمیات کا مون سون الرٹ، گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کا مون سون الرٹ، گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
اسلام آباد: پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے مون سون 2026 کے موسمی جائزے میں خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے بیشتر پہاڑی علاقوں میں معمول کے مطابق بارشوں کا امکان ہے، تاہم معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے باعث برف اور گلیشیئر تیزی سے پگھلنے سے سیلابی خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہندوکش، قراقرم اور ہمالیہ کے بیشتر علاقوں میں مون سون کے دوران درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے مشرقی علاقوں اور ان سے ملحقہ خطوں میں درجہ حرارت میں نسبتاً زیادہ اضافہ متوقع ہے۔ اس صورتحال کے باعث برف اور گلیشیئر معمول سے زیادہ تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ یہ موسمی جائزہ بین الاقوامی موسمیاتی اداروں کی پیش گوئیوں سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔ محکمہ کے مطابق معمول کے مطابق بارشیں پانی کی دستیابی میں مددگار ثابت ہوں گی، تاہم شدید بارشوں کے ساتھ گلیشیئرز کے تیز پگھلاؤ سے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور حساس وادیوں میں سیلاب کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مختصر دورانیے کی موسلادھار بارشیں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور پہاڑی ڈھلوانیں کھسکنے جیسے خطرات پیدا کر سکتی ہیں۔ اسی طرح معمول سے زیادہ درجہ حرارت گلیشیئرز کے تیز رفتار پگھلاؤ کا سبب بن کر مقامی سطح پر گلیشیائی خطرات میں اضافہ کر سکتا ہے۔
محکمے نے عوام، بالخصوص دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیائی وادیوں کے قریب رہنے والے افراد کو محتاط رہنے، سرکاری ہدایات پر عمل کرنے اور موسم سے متعلق تازہ پیش گوئیوں پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
