وزیر داخلہ کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن کاؤنٹرز کھلے رکھنے کا حکم
وزیر داخلہ کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن کاؤنٹرز کھلے رکھنے کا حکم
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کے امیگریشن پراسیس اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے امیگریشن کے عمل میں لگنے والے وقت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مسافروں سے بھی براہِ راست بات چیت کی۔
مسافروں نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریباً 30 منٹ لگ رہے ہیں اور انتظامات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
مسافروں کی شکایات پر محسن نقوی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے امیگریشن پراسیس تیز کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر تمام کاؤنٹرز کھلے رکھنے کے احکامات جاری کردیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کاؤنٹرز فعال ہونے سے امیگریشن میں تاخیر کم ہوگی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔
ایک مسافر کی جانب سے ایجنٹ کے رقم لینے کی شکایت پر بھی وزیر داخلہ نے موقع پر نوٹس لیا اور معاملہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کرتے ہوئے متعلقہ ایجنٹ کی گرفتاری کا حکم دیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی شخص کو سفر کی اجازت نہ دی جائے، جبکہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل آسان اور تیز ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو بلاوجہ سفر سے نہیں روکا جائے گا۔
