وزیراعظم شہباز شریف کی مالدیپ کے صدر سے ملاقات، وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش
وزیراعظم شہباز شریف کی مالدیپ کے صدر سے ملاقات، وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
تقریب کے آغاز پر پاکستان اور مالدیپ کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے مالدیپ کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ اور خوش گوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کروایا، جبکہ وزیراعظم نے مالدیپ کے صدر کو اپنی کابینہ کے ارکان سے متعارف کرایا۔
واضح رہے کہ مالدیپ کے صدر تین روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
