آئی ایم ایف کی پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی پیشگوئی، معاشی ترقی کا تخمینہ برقرار
آئی ایم ایف کی پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی پیشگوئی، معاشی ترقی کا تخمینہ برقرار
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی کی شرح بڑھ کر 9.9 فیصد ہونے کی پیشگوئی کردی، جبکہ معاشی ترقی کی شرح کا تخمینہ 3.5 فیصد پر برقرار رکھا ہے۔
آئی ایم ایف کی تازہ عالمی اقتصادی صورتحال کی رپورٹ (ورلڈ اکنامک آؤٹ لک) کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح کے سابقہ تخمینے میں اضافہ کیا گیا ہے، تاہم معاشی ترقی کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے اپریل میں مالی سال 2026-27 کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی تھی، جسے جولائی کی رپورٹ میں بھی برقرار رکھا گیا تھا، تاہم تازہ رپورٹ میں مہنگائی کا تخمینہ بڑھا کر 9.9 فیصد کردیا گیا ہے۔
نئی پیشگوئی سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئی ایم ایف نے مہنگائی میں کمی اور معاشی ترقی میں اضافے سے متعلق حکومتی توقعات سے اتفاق نہیں کیا۔
آئی ایم ایف نے پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی مخصوص وجوہات بیان نہیں کیں، تاہم مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع اور توانائی کی فراہمی و قیمتوں پر اس کے ممکنہ اثرات کے باعث مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے خطے کے لیے بھی مہنگائی کے تخمینوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
