لیونل میسی کو انگریزی نہ سیکھنے کا پچھتاوا، بچوں کو زبان سیکھنے کی تلقین
لیونل میسی کو انگریزی نہ سیکھنے کا پچھتاوا، بچوں کو زبان سیکھنے کی تلقین
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)عالمی شہرت یافتہ ارجنٹائنی فٹ بالر لیونل میسی نے اعتراف کیا ہے کہ اسکول کے زمانے میں انگریزی زبان نہ سیکھنا ان کی زندگی کے بڑے پچھتاووں میں سے ایک ہے۔
میسی نے فٹ بال کی دنیا میں تقریباً تمام بڑے اعزازات اپنے نام کیے، جن میں متعدد بیلن ڈی اور ایوارڈز، چیمپئنز لیگ اور ارجنٹینا کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کی فتح شامل ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ بعض مواقع پر زبان کی رکاوٹ کے باعث وہ اہم شخصیات سے براہِ راست گفتگو نہیں کر سکے۔
ایک میکسیکن پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ بچپن میں ان کے پاس انگریزی سیکھنے کا وقت تھا، حتیٰ کہ وہ کم از کم انگریزی پڑھنا بھی سیکھ سکتے تھے، لیکن انہوں نے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا، جس کا انہیں آج بھی افسوس ہے۔
ارجنٹائنی اسٹار کے مطابق دوسری زبان سے واقفیت انہیں زندگی میں ملنے والی بعض غیر معمولی شخصیات کے ساتھ براہِ راست بات چیت کا موقع فراہم کر سکتی تھی، تاہم انہیں کئی مواقع پر مترجم کی مدد لینا پڑی۔
میسی نے بتایا کہ وہ اب اپنے بچوں کو انگریزی سیکھنے اور دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کرتے ہیں، کیونکہ ان کے بچوں کے حالات ان کے اپنے بچپن سے مختلف ہیں۔
انہوں نے اپنی اسکول کی زندگی کے آخری سال کو بھی مایوس کن قرار دیا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ تعلیم کے دوران کچھ مواقع سے فائدہ نہ اٹھانا آج بھی انہیں یاد ہے۔
