لاہور میں بادلوں کا راج، بارش کا امکان، فضائی آلودگی بھی برقرار
لاہور میں بادلوں کا راج، بارش کا امکان، فضائی آلودگی بھی برقرار
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)لاہور میں آسمان بادلوں کی لپیٹ میں ہے جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری جبکہ کم سے کم 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد جبکہ ہواؤں کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
دوسری جانب لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 156 ریکارڈ کیا گیا۔ پیراگون سٹی اور گلبرگ ٹو میں آلودگی کی شرح 189، برکی روڈ میں 176، اقبال ٹاؤن میں 174، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 163، ماڈل ٹاؤن میں 162 جبکہ کینٹ میں 154 ریکارڈ ہوئی۔
ملکی مجموعی موسمی صورتحال کی بات کی جائے تو ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ اور جمرود میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ شدید بارش کے باعث دریائے باڑہ میں نچلے درجے کا سیلاب آگیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردی گئیں۔
