مائیکل جیکسن کا خوابوں کا محل ’نیورلینڈ رینچ‘، جہاں گھر کے ساتھ پورا تھیم پارک بھی تھا
مائیکل جیکسن کا خوابوں کا محل ’نیورلینڈ رینچ‘، جہاں گھر کے ساتھ پورا تھیم پارک بھی تھا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاپ موسیقی کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن کے بارے میں شاید بہت کم لوگ جانتے ہوں کہ وہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 2 ہزار 700 ایکڑ پر محیط ایک وسیع و عریض پراپرٹی کے مالک بھی تھے، جسے دنیا بھر میں ’نیورلینڈ رینچ‘ کے نام سے شہرت ملی۔
کیلیفورنیا کی سانتا باربرا کاؤنٹی میں واقع اس زمین کو 1981ء میں پراپرٹی ڈیولپر ولیم بون نے خریدا اور اسے ’سائیکامور ویلی رینچ‘ کا نام دیا۔ بعد ازاں یہاں ایک عالی شان گھر، خوبصورت باغات اور آبشار کے ساتھ 4 ایکڑ پر مشتمل جھیل سمیت ایک وسیع نجی اسٹیٹ تعمیر کی گئی۔
مائیکل جیکسن نے پہلی بار یہ پراپرٹی 1983ء میں دیکھی، جب وہ پال میک کارٹنی سے ملاقات کے دوران وہاں پہنچے تھے۔ پانچ سال بعد، 1988ء میں، انہوں نے یہ پراپرٹی خرید لی اور اس کا نام تبدیل کرکے ’نیورلینڈ رینچ‘ رکھ دیا۔
مائیکل جیکسن نے اس جگہ کو صرف رہائش گاہ تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے اپنے بچپن کی محرومیوں اور بیمار بچوں کی مدد کے تصور سے متاثر ہو کر ایک شاندار نجی تفریحی دنیا میں تبدیل کردیا۔
نیورلینڈ رینچ میں فرانسیسی طرز کا پُرتعیش گھر، فلم تھیٹر، جھیل، ٹرین اسٹیشن اور باقاعدہ تھیم پارک موجود تھا۔ یہاں فیرس وہیل، کیروسل، بمپر کارز سمیت مختلف تفریحی سواریاں اور ایک چڑیا گھر بھی بنایا گیا تھا۔
اس پراپرٹی کی نمایاں خصوصیات میں ایک ٹرین اسٹیشن بھی شامل تھا جسے مائیکل جیکسن کی والدہ کے نام پر ’کیتھرین اسٹیشن‘ کہا جاتا تھا۔
تاہم 2003ء میں حکام کی جانب سے پراپرٹی کی تلاشی اور مائیکل جیکسن کے خلاف جنسی زیادتی کے الزامات کے بعد انہوں نے دوبارہ نیورلینڈ رینچ میں قدم نہیں رکھا۔ بعد میں وہ ان الزامات سے بری ہوگئے۔
مائیکل جیکسن کے 2009ء میں انتقال کے بعد پراپرٹی سے تھیم پارک ختم کردیا گیا اور اس کا نام دوبارہ ’سائیکامور ویلی رینچ‘ رکھ دیا گیا۔
پراپرٹی کو 2015ء میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا، تاہم کئی سال تک خریدار نہ ملنے کے بعد بالآخر 2020ء میں ارب پتی تاجر رونالڈ برکل نے اسے 22 ملین ڈالر میں خرید لیا۔
یوں مائیکل جیکسن کی یہ غیر معمولی جائیداد، جو کبھی ان کے خوابوں کی دنیا سمجھی جاتی تھی، بالآخر ایک نجی اسٹیٹ بن کر رہ گئی۔
