پاکستان گولڈ نے پاکستان گرینز کو 101 رنز سے شکست دے کر چیمپئنز کپ جیت لیا
پاکستان گولڈ نے پاکستان گرینز کو 101 رنز سے شکست دے کر چیمپئنز کپ جیت لیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ملتان میں کھیلے گئے نیشنل چیمپئنز کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان گولڈ نے پاکستان گرینز کو 101 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان گولڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 340 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان گولڈ کی جانب سے سعد خان اور شامل حسین نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ سعد خان نے 112 جبکہ شامل حسین نے 111 رنز بنائے۔
پاکستان گرینز کی جانب سے فہیم اشرف، شاداب خان اور نسیم شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
341 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان گرینز کی ٹیم شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کے سامنے 38ویں اوور میں 239 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سعد بیگ نے 67 جبکہ عمیر یوسف نے 44 رنز بنائے۔
کپتان شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں اور ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی، جس کی بدولت پاکستان گولڈ نے فائنل میں 101 رنز سے کامیابی حاصل کرکے چیمپئنز کپ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
