آنتوں کے کینسر میں غیر معمولی وزن میں کمی خطرے کی علامت ہوسکتی ہے، تحقیق
آنتوں کے کینسر میں غیر معمولی وزن میں کمی خطرے کی علامت ہوسکتی ہے، تحقیق
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)جرمنی میں ہونے والی ایک حالیہ تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ آنتوں کے کینسر میں مبتلا افراد میں بیماری کی تشخیص سے قبل یا اس کے دوران جسمانی وزن میں نمایاں کمی خطرناک نتائج سے وابستہ ہوسکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق جن افراد نے اپنے جسمانی وزن کا 10 فیصد سے زیادہ کم کیا، ان میں آنتوں کے کینسر سے موت کا خطرہ ایسے افراد کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ پایا گیا جن کے وزن میں نمایاں کمی نہیں ہوئی تھی۔ کینسر میں مبتلا ایسے مریضوں میں بیماری دوبارہ ہونے کا امکان بھی 33 فیصد زیادہ دیکھا گیا جن کے وزن میں کمی ہوئی۔
تاہم جرمن کینسر ریسرچ سینٹر کے سائنس دانوں نے واضح کیا کہ ان نتائج کا مطلب یہ نہیں کہ وزن بڑھانا آنتوں کے کینسر سے بچاؤ کا طریقہ ہے۔ ماہرین کے مطابق بیماری کی تشخیص سے پہلے مہینوں یا برسوں میں غیر ارادی طور پر نمایاں وزن کم ہونا خود اس بات کی علامت ہوسکتا ہے کہ کینسر جسم کو متاثر کر رہا ہے، اس لیے اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
آنتوں کا کینسر دنیا بھر میں تیسرا سب سے عام کینسر ہے اور ماہرین کے مطابق 2040 تک اس کے نئے کیسز کی سالانہ تعداد 32 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ برطانیہ میں یہ بیماری ہر سال تقریباً 17,700 اموات کا سبب بنتی ہے۔
ماہرین کے مطابق نوجوان افراد میں آنتوں کے کینسر کے کیسز میں اضافے کی وجوہات ابھی پوری طرح واضح نہیں ہیں، تاہم خوراک اور طرزِ زندگی میں تبدیلیاں بیماری کے خطرے پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔ موٹاپا بھی آنتوں کے کینسر سمیت کم از کم 13 اقسام کے کینسر کے خطرے میں اضافے سے منسلک ہے۔
تحقیق میں ’موٹاپے کے تضاد‘ کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت بعض مطالعات میں زیادہ وزن یا موٹاپے کے شکار آنتوں کے کینسر کے مریضوں کی بقا نسبتاً بہتر دکھائی دیتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ زیادہ وزن رکھنے والے افراد کینسر اور اس کے علاج کے جسمانی اثرات کو بہتر طور پر برداشت کرتے ہیں اور ان کی طبی نگہداشت تک رسائی بھی زیادہ ہوتی ہے۔
تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ مشاہدہ ایک غلط تاثر بھی ہوسکتا ہے۔ صحت مند وزن والے گروپ میں ایسے افراد شامل ہوسکتے ہیں جنہوں نے کینسر کی وجہ سے تشخیص سے قبل ہی خاصا وزن کم کرلیا ہو، جس کے نتیجے میں زیادہ وزن والے مریض بظاہر زیادہ بہتر نتائج والے نظر آتے ہیں۔
تحقیق جے اے ایم اے نیٹ ورک اوپن میں شائع ہوئی، جس میں محققین نے آنتوں کے کینسر میں مبتلا 5,521 افراد کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا اور تقریباً پانچ سال تک ان کی صحت کا مشاہدہ کیا۔
