بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان، فی یونٹ 2 روپے 52 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع
بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان، فی یونٹ 2 روپے 52 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 2 روپے 52 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں جمع کرا دی۔
نیپرا کے مطابق درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں درآمدی ایل این جی سے فی یونٹ بجلی کی پیداواری لاگت 47 روپے 37 پیسے رہی، جبکہ ایل این جی سے 77 ارب 19 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔
درخواست کے مطابق جولائی میں مجموعی بجلی پیداوار کا 10.78 فیصد ایل این جی سے حاصل ہوا، جبکہ فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ فرنس آئل سے بجلی کی فی یونٹ لاگت 50 روپے 7 پیسے رہی اور اس ذریعے سے 10 ارب 77 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں پانی سے 39.81 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 14.38 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ نیوکلیئر ذرائع سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 10.10 فیصد رہا، جبکہ نیوکلیئر بجلی کی فیول لاگت 3 روپے 2 پیسے فی یونٹ رہی۔
درخواست کے مطابق جولائی میں ڈیزل سے بھی 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جس کی فی یونٹ لاگت 54 روپے 47 پیسے رہی۔
نیپرا میں درخواست پر سماعت 27 اگست کو ہوگی۔ منظوری کی صورت میں بجلی صارفین پر جی ایس ٹی سمیت تقریباً 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
