اوزیمپک اور ویگووی کا نیا ممکنہ فائدہ، نشہ آور اشیا کی طلب کم ہونے کا انکشاف
اوزیمپک اور ویگووی کا نیا ممکنہ فائدہ، نشہ آور اشیا کی طلب کم ہونے کا انکشاف
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)وزن کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی معروف ادویات اوزیمپک اور ویگووی سے متعلق نئی سائنسی تحقیق میں ان کے ممکنہ اضافی فوائد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ادویات بھوک اور وزن کم کرنے کے ساتھ الکوحل اور بعض دیگر نشہ آور اشیا کے استعمال کی خواہش بھی کم کرسکتی ہیں۔
یہ ادویات GLP-1 agonists کہلاتی ہیں اور ابتدا میں ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج کے لیے تیار کی گئی تھیں۔ یہ جسم میں GLP-1 ہارمون کے اثرات کی نقل کرتے ہوئے انسولین کے اخراج میں اضافہ، ہاضمے کی رفتار میں کمی اور دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس پیدا کرتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق GLP-1 ادویات استعمال کرنے والے بعض افراد میں الکوحل کے استعمال میں کمی دیکھی گئی ہے، جبکہ جانوروں پر کیے گئے ابتدائی تجربات میں کوکین، ایمفیٹامین، افیون اور نکوٹین کے استعمال میں کمی کے امکانات بھی سامنے آئے ہیں۔
سائنس دان اب ان ادویات کے دماغ کے ریوارڈ سسٹم پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق خوراک یا نشہ آور اشیا کی طلب دماغ کے اسی نظام سے جڑی ہوتی ہے، اور اس نظام کی غیر معمولی سرگرمی موٹاپے، الکوحل کے غلط استعمال اور دیگر نشوں سے متعلق مسائل میں کردار ادا کرسکتی ہے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ دیگر نشہ آور اشیا کے استعمال میں کمی سے متعلق شواہد ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور اس حوالے سے مزید انسانی تحقیق کی ضرورت ہے۔
