اسلام آباد، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی، کراچی میں بوندا باندی کا امکان
اسلام آباد، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی، کراچی میں بوندا باندی کا امکان
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد میں دن بھر مطلع جزوی ابرآلود رہنے جبکہ شام کے اوقات میں بارش کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں موسم ابرآلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ رات کے اوقات میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
