اگست 10, 2026

رونالڈو کی شادی کی افواہ، سینکڑوں مداح چرچ کے باہر پہنچ گئے، مگر دلہا کوئی اور نکلا

0
رونالڈو کی شادی کی افواہ، سینکڑوں مداح چرچ کے باہر پہنچ گئے، مگر دلہا کوئی اور نکلا

رونالڈو کی شادی کی افواہ، سینکڑوں مداح چرچ کے باہر پہنچ گئے، مگر دلہا کوئی اور نکلا

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)فنشال: پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کی افواہوں پر دلچسپ ردِعمل دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا اور مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ رونالڈو اور جارجینا ہفتے کے روز پرتگال کے جزیرے میڈیرا کے شہر فنشال میں شادی کرنے والے ہیں۔ رونالڈو کے خاندان کی جانب سے ان خبروں کی تردید بھی کی گئی، تاہم افواہوں نے مداحوں کو فنشال کے تاریخی سی کیتھیڈرل تک پہنچا دیا۔

سینکڑوں مداح ہاتھوں میں موبائل فون اور کیمرے لیے گھنٹوں چرچ کے باہر موجود رہے تاکہ اپنے پسندیدہ فٹبالر کی شادی کی ایک جھلک دیکھ سکیں، تاہم کچھ دیر بعد حقیقت سامنے آئی کہ شادی رونالڈو اور جارجینا کی نہیں بلکہ ایک اور جوڑے کی تھی۔

کیتھیڈرل میں نکول نامی خاتون اپنے ہونے والے شوہر فابیوں سے شادی کے لیے پہنچیں، جبکہ فابیوں پہلے ہی چرچ میں موجود تھے۔ رونالڈو کی شادی کی افواہ کے باعث بڑی تعداد میں مداحوں اور صحافیوں کی موجودگی سے دلہن کو چرچ میں داخل ہونے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سی کیتھیڈرل کی انتظامیہ نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر نومولود جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ سڑک پر بڑی تعداد میں صحافیوں اور سیاحوں کی موجودگی کے باعث خاصی افراتفری پیدا ہوئی، تاہم بعد ازاں چرچ بند کرکے شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔

چرچ انتظامیہ کے مطابق سی کیتھیڈرل کے باہر اس نوعیت کا منظر اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا گیا، جبکہ دلہن کے لیے چرچ میں داخل ہونا بھی انتہائی مشکل ہوگیا تھا۔

شادی میں شریک ایک مہمان نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صورتحال پر مزاحیہ تبصرہ کیا اور کہا کہ ”ہم خود کو مشہور شخصیت محسوس کر رہے ہیں۔” مہمان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کیسے سوچ سکتے ہیں کہ رونالڈو بغیر سیکیورٹی کے اس مقام پر شادی کریں گے۔

دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو نے بھی اس دلچسپ صورتحال پر خاموشی توڑ دی۔ فٹبالر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے کمنٹ میں ہنستے ہوئے آنسوؤں والے ایموجیز کے ذریعے شادی کی افواہ اور مداحوں کی جانب سے لگائے گئے اندازوں پر ردِعمل دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے