مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 26 جون سے 2 اگست تک 126 افراد جاں بحق، 416 زخمی: این ڈی ایم اے
مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 26 جون سے 2 اگست تک 126 افراد جاں بحق، 416 زخمی: این ڈی ایم اے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 26 جون سے 2 اگست تک ملک بھر میں مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 126 افراد جاں بحق جبکہ 416 افراد زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا، جہاں 55 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 26 بچے شامل ہیں۔ پنجاب میں 47 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 19 بچے شامل ہیں، جبکہ صوبے میں 295 افراد زخمی ہوئے، جن میں 68 بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں بارشوں کے باعث 5 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ بلوچستان میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
