اگست 3, 2026

بھارتی اداکارہ ادیتی شرما نے شوہر اور سسرالیوں پر گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کرا دیا

0
بھارتی اداکارہ ادیتی شرما نے شوہر اور سسرالیوں پر گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کرا دیا

بھارتی اداکارہ ادیتی شرما نے شوہر اور سسرالیوں پر گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کرا دیا

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ ادیتی شرما نے اپنے شوہر، ساس اور نند کے خلاف ممبئی کے گوریگاؤں پولیس اسٹیشن میں گھریلو تشدد، ہراسانی اور دیگر الزامات پر مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

پولیس کے مطابق 31 جولائی کو درج کی گئی ایف آئی آر کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ادیتی شرما نے اپنی شکایت میں مؤقف اختیار کیا کہ شادی کے صرف دو ماہ بعد کافی پینے کے معاملے پر ہونے والے جھگڑے کے بعد ان پر جسمانی اور ذہنی تشدد، مار پیٹ، زبانی بدسلوکی، کردار کشی اور گھریلو ہراسانی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ سسرالیوں نے جہیز میں لائے گئے زیورات اپنے پاس رکھ لیے اور واپس نہیں کیے۔

اداکارہ کے مطابق ان کی اپنے شوہر ابھینیت سے پہلی ملاقات جون 2021 میں ایک آن لائن ایکٹنگ کلاس کے دوران ہوئی، جہاں دوستی بعد ازاں محبت میں تبدیل ہوگئی۔ دونوں ستمبر 2024 میں ایک ساتھ رہنے لگے اور 12 نومبر 2024 کو دونوں خاندانوں کی رضامندی سے شادی کی۔

ادیتی شرما کا کہنا ہے کہ شادی کے چند ہی دن بعد شوہر کا رویہ بدل گیا اور لباس سمیت معمولی معاملات پر جھگڑے شروع ہوگئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یکم جنوری 2025 کو کافی کے معاملے پر ہونے والے تنازع کے بعد شوہر نے ان کے کردار پر شک کرنا شروع کیا، ناجائز تعلقات کے الزامات لگائے، موبائل فون چیک کرتا رہا اور بعد ازاں الگ کمرے میں رہنے لگا۔

اداکارہ نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں اپنے والدین سے بات کرنے سے بھی روکا جاتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام الزامات کی تحقیقات جاری ہیں اور قانونی کارروائی قانون کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے