خواجہ آصف کا محسن نقوی کو مشورہ، نظام میں تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے کریں
خواجہ آصف کا محسن نقوی کو مشورہ، نظام میں تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے کریں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے نظام میں اصلاحات سے متعلق وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سسٹم میں تبدیلی لانا مقصود ہے تو اس کا آغاز اپنی وزارت سے کیا جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وہ محسن نقوی کی اس رائے سے بڑی حد تک اتفاق کرتے ہیں کہ موجودہ نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے، تاہم بنیادی تبدیلی کا درست فورم پارلیمنٹ اور وفاقی کابینہ ہے، جہاں آئینی طریقہ کار کے تحت اصلاحات پر پیش رفت کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کابینہ کے رکن ہیں اور نظام میں بہتری کی تجاویز کابینہ میں پیش کر سکتے ہیں، جس سے ادارے بھی مضبوط ہوں گے اور اصلاحات آئینی عمل کے ذریعے آگے بڑھیں گی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ محسن نقوی گزشتہ ساڑھے تین سال سے اہم عہدوں پر فائز ہیں، اس دوران وہ نظام میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کر سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف تاجر برادری ہی نہیں بلکہ پوری قوم مؤثر اصلاحات کی خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان اکنامک سمٹ سے خطاب میں کہا تھا کہ موجودہ طرزِ حکمرانی بڑھتی ہوئی آبادی اور پیچیدہ انتظامی مسائل سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہے۔ انہوں نے بہتر حکمرانی کے لیے بنیادی اصلاحات، نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام اور تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
