ٹرمپ کا دعویٰ: غزہ میں حماس سمیت تمام مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے کا تاریخی معاہدہ طے، عملدرآمد مرحلہ وار ہوگا
ٹرمپ کا دعویٰ: غزہ میں حماس سمیت تمام مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے کا تاریخی معاہدہ طے، عملدرآمد مرحلہ وار ہوگا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں حماس اور دیگر تمام مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے کے لیے ایک تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے، جسے انہوں نے خطے میں دیرپا امن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ "بورڈ آف پیس” نے یہ معاہدہ طے کیا ہے، جو غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کرے گا۔ ان کے مطابق غیر مسلح کرنے کا عمل مرحلہ وار اور منظم انداز میں مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد اسرائیلی افواج غزہ سے واپس چلی جائیں گی۔
صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی استحکام فورس نئی فلسطینی پولیس فورس کے ساتھ مل کر سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالے گی، جبکہ غزہ کی تعمیرِ نو کی نگرانی بھی بورڈ آف پیس کرے گا۔
امریکی حکام کے مطابق غیر مسلح کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد آئندہ چند ہفتوں میں شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ فلسطینی اتھارٹی اور حماس کے متبادل کے طور پر ایک مقامی ٹیکنوکریٹک حکومت کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
امریکی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران نے حماس کو معاہدے پر آمادہ ہونے سے روکنے کی کوشش کی، تاہم امریکا اس کوشش کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا۔
تاہم، حماس کی جانب سے اس معاہدے کی باضابطہ توثیق یا قبولیت کی تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی، جبکہ معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق کئی اہم تفصیلات بھی ابھی واضح نہیں ہیں۔
