جولائی 28, 2026

آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے میں ن لیگ کو برتری، 7 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج جاری

0
آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے میں ن لیگ کو برتری، 7 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج جاری

آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے میں ن لیگ کو برتری، 7 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج جاری

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ اب تک سامنے آنے والے 7 مکمل نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 5 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے۔

پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں پولنگ ہوئی، جہاں ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ایل اے 1، ایل اے 4، ایل اے 7، ایل اے 9 اور ایل اے 13 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی ایل اے 2 اور ایل اے 3 میں کامیاب رہی۔

دوسری جانب جن حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، وہاں مسلم لیگ (ن) ایل اے 5 اور ایل اے 6 میں برتری حاصل کیے ہوئے ہے، جبکہ پیپلز پارٹی ایل اے 8، ایل اے 10، ایل اے 11 اور ایل اے 12 میں آگے ہے۔

الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکامِ پاکستان پارٹی، آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں تھے۔ 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 تھی، جن کے لیے میرپور ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔

انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل نے خبردار کیا کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ چیف سیکریٹری خوش حال خان نے کہا کہ عوام نے پرامن انداز میں ووٹ ڈال کر جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے