جولائی 28, 2026

جسٹن گریوز کی تباہ کن بولنگ، پاکستان 282 رنز پر آؤٹ؛ ویسٹ انڈیز کو 29 رنز کی برتری

0
جسٹن گریوز کی تباہ کن بولنگ، پاکستان 282 رنز پر آؤٹ؛ ویسٹ انڈیز کو 29 رنز کی برتری

جسٹن گریوز کی تباہ کن بولنگ، پاکستان 282 رنز پر آؤٹ؛ ویسٹ انڈیز کو 29 رنز کی برتری

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)جسٹن گریوز کی شاندار فاسٹ بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کو پہلی اننگز میں 282 رنز پر آؤٹ کر کے 29 رنز کی اہم برتری حاصل کر لی۔

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 267 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی، تاہم ٹیم صرف 15 رنز کا اضافہ کر سکی اور 80.1 اوورز میں 282 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

تیسرے روز کے دوسرے سیشن کے آغاز پر جسٹن گریوز نے محمد عباس کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کر کے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ ٹیل اینڈر خرم شہزاد نے 36 گیندوں پر 19 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، تاہم کیمار روچ نے انہیں آؤٹ کر کے پاکستان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز نے 11 اوورز میں 27 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیمار روچ اور شمار جوزف نے دو، دو اور جیڈن سیلز نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود نمایاں رہے، جنہوں نے 184 گیندوں پر 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی سنچری اسکور کی۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے شامل تھے۔ سلمان علی آغا نے 20 رنز بنائے۔

جسٹن گریوز نے عامر جمال (3)، ڈیبیو کرنے والے علی عثمان (0) اور محمد رضوان (12) کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کر کے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث قومی ٹیم 259 رنز پر آٹھ وکٹیں گنوا بیٹھی اور بالآخر 282 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی پہلی اننگز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کو 29 رنز کی برتری حاصل ہو گئی، جس سے میزبان ٹیم نے میچ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے