پاکستان اور قازقستان کا تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور قازقستان
اسلام آباد(سعدعمرسے)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس موقع پر طے پانے والے اتفاقِ رائے، بشمول 37 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔
فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، علاقائی روابط، توانائی، عوامی روابط اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
قازق وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف نے خطے میں امن اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یرمیک کوشیربایف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو قازقستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ صدر قاسم جومارت توقایف کے دورۂ پاکستان کے بعد دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں طویل المدتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
