محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی، کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی، کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی رات ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ سندھ، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔ اس دوران زیریں سندھ، شمال مشرقی بلوچستان اور شمال مشرقی پنجاب کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
ہفتہ کے روز سندھ، شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب، زیریں خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اور وسطی اضلاع کے علاوہ دیر، چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی اور پشاور میں بھی مختلف اوقات میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، نارووال، بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، وہاڑی، خانیوال اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
سندھ کے تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد، جامشورو، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، شکارپور، کشمور اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کی توقع ہے۔
بلوچستان کے ژوب، لورالائی، سبی، نصیر آباد، جعفر آباد، ڈیرہ بگٹی، قلات، خضدار، پنجگور، آواران اور لسبیلہ سمیت مختلف اضلاع میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
