پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کا شیڈول جاری کر دیا
پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کا شیڈول جاری کر دیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے شیڈول کا اعلان کر دیا، جس کا آغاز 11 اگست سے ملتان میں چیمپئنز کپ لسٹ اے ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوگا۔ 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر سیزن کی ابتدا ون ڈے کرکٹ سے کی جائے گی، جبکہ ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ بھی شیڈول کا حصہ ہوگا۔
پی سی بی نے 16 ریجنز کی 18 ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 20 کر دی ہے۔ نئی تقسیم کے تحت سیالکوٹ اور پشاور ریجنز کو بھی لاہور اور کراچی کی طرح دو، دو ریجنل ٹیمیں دی گئی ہیں۔
ریڈ بال سیزن میں قائدِ اعظم ٹرافی گولڈ اور سلور، جبکہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون، گریڈ ٹو گولڈ اور گریڈ ٹو سلور شامل ہوں گی۔ پریذیڈنٹ ٹرافی کے تینوں ٹورنامنٹس 12 ستمبر سے شروع ہوں گے، جبکہ قائدِ اعظم ٹرافی گولڈ اور سلور کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا۔
قائدِ اعظم ٹرافی گولڈ میں 8 اور سلور میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دونوں ڈویژنز کو فرسٹ کلاس حیثیت حاصل ہوگی اور ترقی و تنزلی کا نظام بھی برقرار رکھا جائے گا۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ سیزن میں جونیئر کرکٹرز کے لیے بھی مختلف ایونٹس شامل کیے گئے ہیں، جن میں انڈر 19 تین روزہ ٹورنامنٹ، نیشنل انڈر 19 کپ، نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ، نیشنل انڈر 15 ون ڈے کپ اور انڈر 17 ٹورنامنٹ شامل ہیں
