روزانہ پانچ کپ بلیک کافی دل کے لیے مفید، نئی تحقیق میں اہم انکشاف
روزانہ پانچ کپ بلیک کافی دل کے لیے مفید، نئی تحقیق میں اہم انکشاف
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روزانہ پانچ کپ تک بلیک کافی پینا دل کی بیماریوں اور فالج کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، تاہم ماہرین نے کیفین کے ضرورت سے زیادہ استعمال سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق بغیر چینی، دودھ یا دیگر ذائقوں کے پی جانے والی بلیک کافی دل کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ تحقیق کے دوران بلیک کافی پینے والوں میں ٹائپ ٹو ذیابیطس، دل کی بیماری، فالج، ہارٹ فیل اور دل کی بے قاعدہ دھڑکن (اریتھمیا) کا خطرہ نسبتاً کم دیکھا گیا۔
تحقیق کے مطابق کافی میں موجود پولی فینولز نامی اینٹی آکسیڈنٹس سوزش کم کرنے، خون کی نالیوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور جسم کو نقصان دہ عناصر سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ یہی خصوصیات دل سمیت کئی بیماریوں کے خطرات میں کمی سے منسلک ہو سکتی ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ کیفین کی زیادہ مقدار بلڈ پریشر میں اضافہ، دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی اور بعض صورتوں میں دل کے دورے جیسے مسائل کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے کافی کا استعمال اعتدال میں رکھنا ضروری ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے شعبۂ امراضِ قلب سے وابستہ تحقیقی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر گریگوری مارکوس کے مطابق کافی میں موجود کیفین دنیا بھر میں لاکھوں افراد کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہے، جبکہ بعض تحقیقات میں کافی پینے کو دل کی بے ترتیب دھڑکن (ایٹریل فبریلیشن) کے کم خطرے سے بھی منسلک پایا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بلیک کافی کے ممکنہ فوائد حوصلہ افزا ہیں، تاہم ہر فرد میں کیفین کے اثرات مختلف ہو سکتے ہیں، اس لیے کافی کا استعمال اپنی صحت اور طبی مشورے کے مطابق کرنا چاہیے۔
