جولائی 21, 2026

کالا باغ اور خانکی میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار، 24 جولائی تک دریاؤں میں پانی بڑھنے کا خدشہ: پی ڈی ایم اے

0
کالا باغ اور خانکی میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار، 24 جولائی تک دریاؤں میں پانی بڑھنے کا خدشہ: پی ڈی ایم اے

کالا باغ اور خانکی میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار، 24 جولائی تک دریاؤں میں پانی بڑھنے کا خدشہ: پی ڈی ایم اے

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالا باغ اور دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 69 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ خانکی کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 1 لاکھ 13 ہزار کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 6 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کے مرالہ، قادر آباد، تریموں اور پنجند، دریائے راوی کے جسڑ، شاہدرہ، سدھنائی اور بلوکی، جبکہ دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ اسی طرح دریائے سندھ میں تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر بھی پانی کی سطح نارمل ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں بھی فی الحال پانی کا بہاؤ معمول پر ہے۔

ترجمان کے مطابق 24 جولائی تک پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ اور لاہور، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے