فاکلینڈز بینر تنازع: ارجنٹائن کے تین فٹبالرز کے برطانوی ورک ویزوں پر سوالات، فیفا نے تحقیقات شروع کر دیں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ارجنٹائن کے فٹبالرز لیساندرو مارٹینیز، کرسٹیان رومیرو اور اینزو فرنانڈیز کو فاکلینڈز (مالویناس) سے متعلق متنازع بینر اٹھانے کے بعد برطانیہ میں اپنے ورک ویزوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے "فاکلینڈ جزائر ارجنٹائن کے ہیں” لکھا بینر اٹھایا، جس پر برطانیہ میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
کئی برطانوی سیاست دانوں نے کھیل میں سیاست شامل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے فیفا سے ارجنٹائن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ فیفا نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کی تصدیق کی ہے، تاہم تاحال کوئی باضابطہ پابندی عائد نہیں کی گئی۔
سابق برطانوی وزیراعظم مارگریٹ تھیچر کے سابق معاون نائل گارڈینر نے مطالبہ کیا ہے کہ بینر اٹھانے والے تمام ارجنٹائنی پریمیئر لیگ کھلاڑیوں کے برطانوی ورک ویزے منسوخ کیے جائیں۔
دوسری جانب برطانیہ کے ایک امیگریشن ماہر کا کہنا ہے کہ صرف یہ بینر اٹھانے کی بنیاد پر ان کھلاڑیوں کے ورک ویزے منسوخ کرنا قانونی طور پر انتہائی مشکل ہوگا۔
لیساندرو مارٹینیز، کرسٹیان رومیرو اور اینزو فرنانڈیز اس وقت انگلش پریمیئر لیگ کے مختلف کلبوں، مانچسٹر یونائیٹڈ، ٹوٹنہم ہاٹسپر اور چیلسی کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ بعض برطانوی شائقین نے بھی ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
