جولائی 21, 2026

قیمتوں کی منظوری نہ ملنے سے 40 نئی رجسٹرڈ ادویات مارکیٹ میں نہ آ سکیں

0
قیمتوں کی منظوری نہ ملنے سے 40 نئی رجسٹرڈ ادویات مارکیٹ میں نہ آ سکیں

قیمتوں کی منظوری نہ ملنے سے 40 نئی رجسٹرڈ ادویات مارکیٹ میں نہ آ سکیں

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)وفاقی حکومت سے قیمتوں کی منظوری نہ ملنے کے باعث 40 نئی رجسٹرڈ ادویات تاحال مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہو سکیں، جس سے کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا، پارکنسنز، دل کے امراض اور شدید انفیکشنز میں مبتلا مریض متاثر ہو رہے ہیں۔

ان ادویات کی عدم دستیابی کے باعث متعدد مریض غیر رجسٹرڈ، ذاتی طور پر درآمد کی گئی یا اسمگل شدہ ادویات پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں، جس پر طبی ماہرین اور متعلقہ حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ معاملہ موجودہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نہیں بلکہ نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کے تعین کا ہے۔ وزارت کے مطابق 35 نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے، جبکہ مزید 40 ادویات کی منظوری کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ جاری ہے۔

ادویات کے نگران ادارے ڈریپ (DRAP) کے مطابق 40 نئی ادویات کی قیمتوں سے متعلق سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوائی جا چکی ہیں اور حتمی منظوری کے بعد ہی ان ادویات کی قانونی فروخت ممکن ہو سکے گی۔

دوسری جانب فارما انڈسٹری اور کیمسٹس تنظیموں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی فوری منظوری دی جائے تاکہ مریضوں کو ضروری ادویات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے