آج سے 25 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی
آج سے 25 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے آج سے 25 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے مختلف شہروں میں آج سے بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 21 سے 24 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں آج سے 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش ہوگی، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سے 23 جولائی تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی 25 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
