مسلسل آدھے گھنٹے سے زیادہ بیٹھنا کینسر اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتا ہے، تحقیق
مسلسل آدھے گھنٹے سے زیادہ بیٹھنا کینسر اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتا ہے، تحقیق
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)گلاسگو: گلاسگو یونیورسٹی کی ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کسی ایک جگہ پر مسلسل آدھے گھنٹے سے زیادہ بیٹھے رہنا کینسر کے خطرے میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ جتنا زیادہ وقت بغیر وقفے کے بیٹھ کر گزارا جائے، خطرہ بھی اتنا ہی بڑھ جاتا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق اگر لوگ وقفے وقفے سے کسی معمولی کام یا سرگرمی کے لیے اپنی جگہ سے اٹھتے رہیں تو اس خطرے میں تقریباً 20 فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روزمرہ کے معمولات کے دوران تھوڑی تھوڑی دیر بعد جسم کو حرکت دینا مجموعی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ طویل عرصے تک مسلسل بیٹھے رہنے کا تعلق صرف کینسر ہی نہیں بلکہ دل کی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے خطرے سے بھی ہے۔
یہ تحقیق گزشتہ 12 برس کے دوران 91 ہزار افراد پر کی گئی، جن کی جسمانی سرگرمیوں کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ان کی کلائیوں پر خصوصی ٹریکنگ ڈیوائسز لگائی گئی تھیں۔
ماہرین کے مطابق موجودہ طبی رہنما اصول زیادہ تر معتدل یا سخت ورزش پر زور دیتے ہیں، تاہم نئی تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیاں، جیسے وقفے وقفے سے اٹھ کر چلنا یا روزمرہ کے کام کرنا بھی صحت کے لیے نمایاں فوائد رکھتی ہیں اور سنگین بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
