جولائی 18, 2026

امریکا، ایران کشیدگی: خام تیل 87 ڈالر سے تجاوز، عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی

0
امریکا، ایران کشیدگی: خام تیل 87 ڈالر سے تجاوز، عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی

امریکا، ایران کشیدگی: خام تیل 87 ڈالر سے تجاوز، عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔

گزشتہ روز برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 3.10 ڈالر اضافے سے 87.33 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 3.98 فیصد اضافے کے بعد 82.09 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہوا۔

دیگر توانائی مصنوعات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ مربان خام تیل 80.77 ڈالر، ڈبلیو ٹی آئی مڈلینڈ 81.81 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی گیسولین فیوچرز میں 3.86 فیصد اور ڈچ ٹی ٹی ایف نیچرل گیس میں 3.41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکی نیچرل گیس اور جاپان-کوریا ایل این جی بینچ مارک کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کی صورت میں عالمی توانائی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر خلیج سے تیل کی برآمدات یا آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی متاثر ہوئی تو خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے عالمی مہنگائی اور مالیاتی منڈیوں پر دباؤ بڑھے گا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر خام تیل کی قیمتیں 90 ڈالر فی بیرل کے قریب برقرار رہیں تو پاکستان کا درآمدی بل، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور مہنگائی مزید بڑھ سکتی ہے، جبکہ روپے کی قدر اور حکومتی مالیات پر بھی اضافی دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے