تیل کمپنیوں کا حکومت کو انتباہ، پیٹرول کی ممکنہ قلت پر فوری مداخلت کا مطالبہ
تیل کمپنیوں کا حکومت کو انتباہ، پیٹرول کی ممکنہ قلت پر فوری مداخلت کا مطالبہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)تیل کمپنیوں نے ملک میں پیٹرول کی ممکنہ قلت کے خدشے کے پیشِ نظر حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو پیٹرول کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے 15 جولائی کو وفاقی وزیر توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک کو ارسال کیے گئے ایک "انتہائی فوری” خط میں کہا ہے کہ ملک میں اس وقت تقریباً 3 لاکھ 70 ہزار میٹرک ٹن موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کا ذخیرہ موجود ہے، جو صرف 15 روز کی قومی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔
تیل کمپنیوں کے مطابق درآمدی پیٹرول کی کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر، تین درآمدی کارگوز کی بروقت آمد میں ممکنہ رکاوٹ، 66.7 ارب روپے کی عدم ادائیگی، طلب میں اضافہ اور شدید مالی دباؤ سپلائی چین کو متاثر کر سکتے ہیں، جس سے ملک میں پیٹرول کی فراہمی کو دھچکا لگنے کا خدشہ ہے۔
کمپنیوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ممکنہ بحران سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
