فیفا ورلڈ کپ 2026: اسپین نے فرانس کو شکست دے کر 16 برس بعد فائنل میں جگہ بنا لی
فیفا ورلڈ کپ 2026: اسپین نے فرانس کو شکست دے کر 16 برس بعد فائنل میں جگہ بنا لی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر 16 برس بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
میچ کے آغاز سے ہی اسپین نے جارحانہ انداز اپنایا اور فرانس کی دفاعی لائن پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ اسپین کو 22ویں منٹ میں پنالٹی کک ملی، جس پر میکیل اوریارزابال نے کامیابی سے گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلا دی۔ یہ رواں ورلڈ کپ میں ان کا پانچواں گول تھا۔
دوسرے ہاف میں اسپین نے اپنی برتری مزید مستحکم کی، جب 58ویں منٹ میں پیڈرو پورو نے شاندار شاٹ کے ذریعے دوسرا گول اسکور کر کے میچ تقریباً اپنے نام کر لیا۔
دوسری جانب ٹورنامنٹ میں آٹھ گول کرنے والے فرانس کے اسٹار فارورڈ کیلیان ایمباپے بھرپور کوشش کے باوجود اس اہم مقابلے میں کوئی گول کرنے میں ناکام رہے، جس کے باعث فرانس مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے سے محروم رہا۔
اس فتح کے ساتھ اسپین نے 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ فائنل میں اسپین کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم، ارجنٹینا یا انگلینڈ، سے ہوگا، جو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کھیلا جائے گا۔
