پاکستان اور بنگلا دیش کا داخلی سلامتی، سائبر کرائم اور پولیس تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور بنگلا دیش کا داخلی سلامتی، سائبر کرائم اور پولیس تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز نیویارک میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلا دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی، جس میں داخلی سلامتی، پولیس تعاون، سائبر کرائم کے خاتمے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت، مشترکہ ٹریننگ اور ایکسچینج پروگرامز شروع کرنے کی تجویز پر بھی گفتگو ہوئی تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے سائبر کرائم، آن لائن فراڈ اور ڈیجیٹل جرائم سے نمٹنے کے لیے معلومات کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات ہی مؤثر راستہ ہیں۔
بنگلا دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ محسن نقوی اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے داخلہ اور سیکیورٹی حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، جن میں دہشت گردی کے خلاف تعاون، سرحدی سلامتی، انسدادِ منشیات، غیر قانونی انسانی اسمگلنگ، سائبر سیکیورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ تربیتی پروگراموں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
