ممبئی میں طوفانی بارشوں سے تباہی، 8 افراد ہلاک، ریڈ الرٹ جاری
ممبئی میں طوفانی بارشوں سے تباہی، 8 افراد ہلاک، ریڈ الرٹ جاری
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ چار روز کے دوران 588 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ مختلف بارش سے متعلق حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد 8 ہو گئی۔
شدید بارش کے باعث شہر میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے، نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ کر گاڑیوں پر جا گرے۔ خراب موسمی صورتحال کے باعث متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ درجنوں پروازوں کا رخ دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے لیے مزید موسلادھار بارشوں کا ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پانی میں ڈوبے ریلوے ٹریک پر تیز رفتار ٹرین کے گزرنے سے کئی میٹر بلند پانی کی لہر بننے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جسے صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے۔
ادھر جنوبی چین میں بھی موسلادھار بارشوں نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ کئی شہروں میں سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی جگہ کشتیاں چلائی جا رہی ہیں، جبکہ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
