کل سے شمالی علاقوں میں نیا موسمی نظام، موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی، بڑے سیلاب کا خطرہ نہیں
کل سے شمالی علاقوں میں نیا موسمی نظام، موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی، بڑے سیلاب کا خطرہ نہیں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیش گوئی کی ہے کہ کل سے ملک کے شمالی علاقوں میں ایک فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد اور پوٹھوہار میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں بھی بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔ تربیلا اور منگلا ڈیم میں بھی پانی کی آمد بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، تاہم پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں مقامی سطح پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
