جون 1, 2026

خراب نیند اور کم عمری میں کینسر کے خطرے میں ممکنہ تعلق، نئی تحقیقات میں انکشاف

0
خراب نیند اور کم عمری میں کینسر کے خطرے میں ممکنہ تعلق، نئی تحقیقات میں انکشاف

خراب نیند اور کم عمری میں کینسر کے خطرے میں ممکنہ تعلق، نئی تحقیقات میں انکشاف

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)حال ہی میں کی جانے والی دو بڑی سائنسی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خراب یا بے قاعدہ نیند 50 برس سے کم عمر افراد میں کینسر کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین دہائیوں میں کم عمر افراد میں کینسر کی تشخیص کے کیسز میں تقریباً 80 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 1990 میں دنیا بھر میں ابتدائی عمر کے کینسر کے 18 لاکھ 20 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جو 2019 تک بڑھ کر 32 لاکھ 60 ہزار تک پہنچ گئے۔ اسی عرصے میں 40 سال یا اس سے کم عمر افراد میں کینسر سے ہونے والی اموات میں بھی 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

امریکا کے شہر ہیوسٹن میں قائم MD Anderson Cancer Center کی ایک نئی تحقیق میں نیند کی خرابی کو ممکنہ خطرے کے طور پر سامنے لایا گیا ہے۔ یہ نتائج American Society of Clinical Oncology Annual Meeting میں پیش کیے گئے۔

تحقیق کے دوران امریکا کے 1 کروڑ 80 لاکھ سے زائد 18 سے 50 سال عمر کے افراد کے طبی ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ بے خوابی، کم نیند یا غیر منظم سونے جاگنے کے معمولات رکھنے والے افراد میں کم عمری میں کینسر کا خطرہ نمایاں طور پر زیادہ تھا۔

حیران کن طور پر بعض کیسز میں 50 سال سے کم عمر وہ افراد جنہیں بے خوابی کی تشخیص ہوئی تھی، ان میں اگلے پانچ سال کے اندر کینسر لاحق ہونے کا خطرہ عام افراد کے مقابلے میں تین گنا زیادہ پایا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ ابتدائی نتائج ہیں اور مزید تحقیق کی ضرورت ہے، تاہم یہ بات واضح ہوتی جا رہی ہے کہ صحت مند اور باقاعدہ نیند نہ صرف ذہنی سکون بلکہ سنگین بیماریوں جیسے کینسر سے بچاؤ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے