چین کی ایران امریکا کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری
چین کی ایران امریکا کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے بتایا کہ شی جن پنگ نے مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے چار اہم تجاویز پیش کی ہیں، جن کا مقصد خطے میں استحکام اور دیرپا امن کا قیام ہے۔
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)وانگ ای نے کہا ہے کہ چین ایران اور امریکا کے درمیان جاری بحران کے حل کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مختلف ممالک سے رابطے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا احترام ناگزیر ہے، جبکہ شہریوں اور غیر فوجی تنصیبات کا تحفظ اولین ترجیح ہونا چاہیے۔
وانگ ای کے مطابق بحری راستوں، توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی سلامتی اور جوہری عدم پھیلاؤ کے اصولوں پر عمل درآمد عالمی امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال کا بنیادی حل ایران اور امریکا کے درمیان براہ راست مذاکرات میں پوشیدہ ہے، جبکہ چین پاکستان سمیت دیگر ممالک کی ثالثی کی کوششوں کی بھی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ جنگ بندی برقرار رکھتے ہوئے کشیدگی میں کمی لائی جائے تاکہ مشرق وسطیٰ میں جلد پائیدار امن بحال ہو سکے۔
