ابرار الحق کا نوجوانوں کو مایوسی چھوڑ کر امید اپنانے کا مشورہ
ابرار الحق کا نوجوانوں کو مایوسی چھوڑ کر امید اپنانے کا مشورہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان کے معروف گلوکار، سماجی کارکن اور سیاستدان Abrar-ul-Haq نے نوجوان نسل کو امید، محنت اور مضبوط ایمان کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللّٰہ سے ہمیشہ بڑی چیزیں مانگنی چاہئیں کیونکہ وہ ناممکن کو ممکن بنانے کی قدرت رکھتا ہے۔
بھنگڑا کنگ کے نام سے مشہور ابرار الحق پاکستان کی میوزک انڈسٹری کا نمایاں نام سمجھے جاتے ہیں، جبکہ ان کی فلاحی خدمات اور عوامی انداز کو بھی بے حد سراہا جاتا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے پاکستان کی نوجوان نسل، خصوصاً جنریشن زی کو درپیش مشکلات پر کھل کر گفتگو کی۔ ابرار الحق نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات، کم ہوتے مواقع اور بڑھتی بے یقینی نے نوجوانوں کو مایوسی میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے باعث بہت سے نوجوان بیرونِ ملک جانے کا سوچ رہے ہیں جبکہ کئی پہلے ہی جا چکے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ “اللّٰہ سے بڑی چیزیں مانگو، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ آج میں اس مقام پر ہوں گا، لیکن اللّٰہ نے مجھے کچھ نہ ہونے سے ایک اسٹار بنا دیا۔”
ابرار الحق کے مطابق مضبوط ایمان اور مثبت سوچ انسان کی زندگی بدل سکتی ہے، اس لیے نوجوانوں کو مایوسی کے بجائے امید، یقین اور محنت کا راستہ اپنانا چاہیے۔
