مئی 25, 2026

یومِ عرفہ پر نایاب فلکیاتی منظر، سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر آ جائے گا

0
یومِ عرفہ پر نایاب فلکیاتی منظر، سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر آ جائے گا

یومِ عرفہ پر نایاب فلکیاتی منظر، سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر آ جائے گا

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک اس سال یومِ عرفہ کے موقع پر ایک نایاب فلکیاتی مظہر دیکھنے کو ملے گا، جب سورج براہِ راست خانہ کعبہ کے عین اوپر آ جائے گا۔ ماہرین کے مطابق ایسا منظر تقریباً ہر 33 سال بعد پیش آتا ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق یہ واقعہ 27 مئی 2026 کو دوپہر کے وقت پیش آئے گا، جو 9 ذوالحجہ 1447 ہجری یعنی یومِ عرفہ کا دن ہوگا۔ اس لمحے سورج بالکل خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، جس کے باعث مکہ مکرمہ میں سایہ مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔

عام طور پر سورج سال میں دو مرتبہ خانہ کعبہ کے عین اوپر آتا ہے، جس کی وجہ مکہ مکرمہ کا جغرافیائی محلِ وقوع ہے، جو تقریباً 21.4 ڈگری شمالی عرض بلد پر واقع ہے۔ اس دوران سورج خطِ استوا اور مدارِ سرطان کے درمیان حرکت کرتا دکھائی دیتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس سال اس مظہر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ یومِ عرفہ کے ساتھ موافق ہو رہا ہے، جو ایک نایاب اتفاق ہے۔ اس سے قبل ایسا 1993 میں پیش آیا تھا۔ ان کے مطابق قمری اور شمسی کیلنڈرز کے فرق کے باعث تقریباً ہر 33 سال بعد یہ ہم آہنگی دوبارہ پیدا ہوتی ہے۔

سعودی عرب نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک قدرتی اور معمول کا فلکیاتی مظہر ہے، جس کا درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے سے کوئی لازمی تعلق نہیں۔

ادارے کے ترجمان حسین القحطانی کے مطابق موسم کی شدت کا انحصار نمی، بادلوں، ہوا کی رفتار اور فضائی دباؤ جیسے کئی عوامل پر ہوتا ہے، نہ کہ صرف سورج کی پوزیشن پر۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مظہر کی نگرانی ہر سال معمول کے مطابق کی جاتی ہے اور عوام کو موسم سے متعلق معلومات کے لیے صرف مستند ذرائع پر انحصار کرنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے