عاصم منیر کی تہران میں عباس عراقچی سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی پر تبادلہ خیال
عاصم منیر کی تہران میں عباس عراقچی سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی دارالحکومت تہران میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات رات گئے تک جاری رہی، جس کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے اور جاری تنازع کے خاتمے کے لیے مختلف سفارتی اقدامات زیر غور آئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں جمعہ کو تہران پہنچے تھے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور پاکستان اس عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سینئر تجزیہ کاروں، بشمول منصور علی خان، کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کی پیش رفت آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔
