میں نے کبھی فلم کا اسکرپٹ نہیں پڑھا، سلمان خان کا حیران کن انکشاف
میں نے کبھی فلم کا اسکرپٹ نہیں پڑھا، سلمان خان کا حیران کن انکشاف
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے فلموں کے انتخاب اور اپنے کام کرنے کے انداز سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
ایک انٹرویو میں سلمان خان نے بتایا کہ اگرچہ وہ کئی فلموں کے اسکرپٹس لکھنے کے عمل کا حصہ رہے ہیں، تاہم انہوں نے اپنی پوری فلمی زندگی میں کبھی کسی فلم کا اسکرپٹ خود نہیں پڑھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اسکرپٹ پڑھنے کے بجائے سننا پسند کرتے ہیں، کیونکہ پڑھتے وقت ان کا ذہن تیزی سے آگے بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں تیسری لائن پڑھ رہا ہوتا ہوں لیکن میرا ذہن پانچویں لائن پر پہنچ جاتا ہے، اس دوران میری توجہ بٹ جاتی ہے۔‘‘
سلمان خان کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ فلم کا مصنف یا ہدایت کار خود انہیں کہانی سنائے تاکہ وہ بہتر انداز میں سمجھ سکیں کہ فلم کس سمت جا رہی ہے اور ہدایت کار کا وژن کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ فلم کا انتخاب اس کی کہانی، جذباتی اثر اور باکس آفس پر کامیابی کی صلاحیت کو دیکھ کر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ خود اسکرپٹ پڑھیں تو ان کے ذہن میں اپنی الگ فلم بننے لگتی ہے، جو ہدایت کار یا مصنف کے وژن سے مختلف ہوسکتی ہے۔
انٹرویو کے دوران سلمان خان نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بھی دلچسپ بات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ لوگ انہیں اکثر مہنگی گھڑیاں پہنے دیکھتے ہیں، لیکن ان کے پاس لگژری گھڑیوں کا بڑا ذخیرہ موجود نہیں۔ اداکار نے کہا کہ وہ اکثر اپنے دوستوں سے گھڑیاں ادھار لے لیتے ہیں۔
