شاہد آفریدی کو ہلالِ امتیاز، اعزاز قوم کے نام کر دیا
شاہد آفریدی کو ہلالِ امتیاز، اعزاز قوم کے نام کر دیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے صدرِ پاکستان کی جانب سے ہلالِ امتیاز ملنے کو اپنے لیے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے اسے پوری پاکستانی قوم کے نام کر دیا۔
ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب کے بعد شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنی فیملی کے ہمراہ تصاویر شیئر کیں اور مداحوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز صرف ان کی ذات تک محدود نہیں بلکہ پوری قوم کا اعزاز ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ عوام کی محبت، دعاؤں اور مسلسل حمایت کو دیتے ہوئے کہا کہ اسی محبت نے انہیں اس مقام تک پہنچایا۔
شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں وطن کے محافظوں اور شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور ہلالِ امتیاز اُن شہداء کے نام کیا جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے گزشتہ روز ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران شاہد آفریدی کو کرکٹ کے شعبے میں نمایاں خدمات اور طویل کیریئر کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز سے نوازا تھا۔
