کرسٹیانو رونالڈو نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کی خبروں کو مسترد کردیا
کرسٹیانو رونالڈو نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کی خبروں کو مسترد کردیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)معروف پرتگالی فٹبالر اور قومی ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
41 سالہ رونالڈو نے ناروے کے خلاف میچ میں متبادل کھلاڑی رہنے اور ڈنمارک کے خلاف میچ میں ابتدائی ٹیم کا حصہ نہ بنائے جانے کے بعد نیشنز لیگ کیمپ چھوڑ دیا تھا۔
اپنے تفصیلی بیان میں رونالڈو نے کہا کہ پرتگالی فٹبال فیڈریشن کو ان کے اقدام کا جائزہ لے کر انہیں سزا دینی چاہیے اور وہ سزا میں کمی کے حق میں نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اقدام پر معذرت کرچکے ہیں اور جانتے ہیں کہ ہر عمل کے نتائج ہوتے ہیں۔
رونالڈو نے کوچ جارج جیزس پر اعتماد توڑنے کا الزام بھی عائد کیا۔ ان کے مطابق کوچ نے ناروے کے خلاف انہیں کھلانے کا وعدہ کیا تھا، تاہم وعدے پر عمل نہ ہونے سے ان کا اعتماد مجروح ہوا۔
رونالڈو نے واضح کیا کہ معطلی کی مدت مکمل ہونے کے بعد وہ ہمیشہ کی طرح پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔
رونالڈو پرتگال کی جانب سے 234 میچز میں 146 گول کرچکے ہیں۔ دونوں ہی اعداد و شمار عالمی ریکارڈ ہیں۔ وہ پرتگال کو 2016 کی یورپی چیمپئن شپ اور دو مرتبہ نیشنز لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔
