ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتیوں کا معاملہ حل، صدر زرداری نے تمام سمریوں پر دستخط کردیے
ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتیوں کا معاملہ حل، صدر زرداری نے تمام سمریوں پر دستخط کردیے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اسلام آباد: ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتیوں اور مستقلی کا معاملہ حل ہوگیا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے متعلقہ تمام سمریوں پر دستخط کردیے۔
ججز کی سمریوں کے معاملے کے حل میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی خصوصی کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ میں 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی، سندھ ہائی کورٹ میں 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی اور ایک ایڈیشنل جج کی مدت میں توسیع کی سمری منظور کرلی۔
صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی، پشاور ہائی کورٹ میں 4 ایڈیشنل ججز کی مستقلی اور بلوچستان ہائی کورٹ میں 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی سمریوں پر بھی دستخط کردیے۔ لاہور ہائی کورٹ کے ایک ایڈیشنل جج کی مستقلی کی سمری بھی منظور کرلی گئی۔
علاوہ ازیں صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کو وفاقی آئینی عدالت کے مساوی کرنے کی سمری پر بھی دستخط کردیے۔ ہائی کورٹ رخصت، پنشن اور مراعات آرڈر 1997 میں ترمیمی آرڈر کی بھی منظوری دے دی گئی۔
دوسری جانب ہارون اختر کی بطور وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار تقرری کی سمری بھی منظور کرلی گئی۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے 20 اور 21 جولائی کے اجلاسوں میں 19 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی سفارش کی گئی تھی، جبکہ دونوں اجلاسوں میں 5 ایڈیشنل ججز کی مستقلی اور ایک جج کی مدت میں توسیع کی سفارش بھی کی گئی تھی۔
ججز کی سمریوں پر دستخط نہ ہونے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔ عدالت نے آج وفاق اور وزارت قانون سے جواب طلب کیا تھا۔
صدر مملکت کی جانب سے سمریوں پر دستخط کے بعد ججز کی تعیناتیوں کا معاملہ حل ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت کارروائی غیر مؤثر ہونے کا امکان ہے۔
